وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبرپختونخواہ کے صدر شبیر حسین ساجدی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور اداروں کا کام فقط تھریٹ الرٹ جاری کرنا نہیں بلکہ دہشت گردی کی روک تھام بھی ہے، انہوں نے حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ فقط ڈرانا یا متوجہ کرنا کافی نہیں، ایسے عناصر جن سے ملک وقوم کی جان و مال کو خطرات لاحق ہوں ان کے خلاف بروقت اور موثر اقدام اٹھانا بھی ریاست کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کی آگ ٹھنڈی نہیں ہوئی تھی کہ ایک اور نیا تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا، فقط عوام کو ڈرانے سے کام نہیں چلے گا، ریاست کو چاہیے کہ ان دہشت گرد عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے، ان کے سلیپرسیلز کے خلاف آپریشنز کیئے جائیں،حکمرانوں اور سیاسی اشرافیہ کی کھینچا تانی اور داؤپیچ میں بھی عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جانا عظیم ظلم ہے، اشرافیہ کے شہہ خرچیوں بداعمالیوں اور خرمستیوں کا خراج ہمیشہ عوام کیوں پیش کریں ۔ عوام سیاسی چالیں اور الیکشن رکوانے کے حربے جان چکے ہیں ۔ شہباز شریف کے پچھلےادوار میں بھی اس طرح کے ڈرامے دیکھے جاچکے ہیں ۔ جن میں ہمارے بہت قیمتی جرنیل، ڈاکٹرز ،وکیل ،شہید عارف حسینی اور ڈاکٹر شہید محمد علی نقوی جیسے ہزاروں قیمتی لوگ قربان ہو چکے ہیں ۔ لہذا ڈرامہ بازی بند کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک وقوم کو مزید تختہ مشق نا بنایا جائے، آئین اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے فوری طور پر الیکشن کے نتیجے میں اقتدار عوام کی منتخب حکومت کے حوالے کیا جائے اور ملک و قوم کا مزید تماشہ نا بنایا جائےیہی حکومت، فوج، عدلیہ کے حق میں بہتر ہے ۔