وحدت نیوز(ہری پور)قبلہ اول بیت المقدس عالم اسلام کی شہ رگ حیات ہے، اس پر امت مسلمہ کا کلی طور پر اتفاق ہے، اس پر اسرائیل کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے رہنماوں کے ہمراہ ہریپور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی چیئرمین عزاداری کونسل نیئر عباس جعفری، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری طاہر نیئر. صوبائی نائب صدر علامہ نظر علی، مجلس وحدت مسلمین ضلع آبیٹ آباد کے صدر سید شجر علی کاظمی، ضلع ہریپور کے کوآرڈینیٹر محمد اسحاق حیدری اور شیعہ ڈسٹرکٹ خطیب علامہ حبیب رضا امینی بھی موجود تھے۔ علامہ جہانزیب علی جعفری نے کہا کہ ماہِ مقدس میں فلسطینی عوام پر اسرائیل کے ظلم و ستم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر بربریت کی مثال قائم کر دی ہے، ہم اس مشکل وقت میں مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور فلسطینی عوام کی ریاست کے قیام تک ان کی تحریک آزادی اور جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے چئیرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں گے۔اس سلسلے میں ماہِ رمضان کے آخری جمعہ کو عالمی سطح پر بھی یوم القدس کے طور پر منایا جارہا ہے، جس کا حکم رہبر کبیر حضرت امام خمینی رضوان اللہ نے دیا تھا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھی 23 رمضان 14 اپریل کو اس موقع پر پورے ملک میں مظلوم فلسطینی عوام اور دیگر مظلومین کی حمایت میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جن میں اسرائیل کی کھلی جارحیت کی مذمت اور مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کی تجارت کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ خبریں عالمی اور قومی سطح پر گردش کر رہی ہیں کہ پاکستانی مصنوعات اسرائیل کے بازاروں میں فروخت ہو رہی ہیں، اس کی کسی طرح بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس طرح کی تجارت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور نظریہ پاکستان کی صریحاً خلاف ورزی ہے کیونکہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 21 رمضان چونکہ قریب ہے، اور آپ سب جانتے ہیں کہ 21 رمضان کو امام برحق حضرت علی ابن ابو طالب علیہ السلام کی شہادت کا دن ہے، یہ دن بھی پاکستان کی طرح پوری دنیا میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے، ماتمی جلوس اور مجالس عزاء منعقد کی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اور تمام مکاتب فکر سے اپیل ہے، ان مجالس اور جلوسوں کے دوران ملک دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اور بلا جواز ایام علی علیہ السلام کے پروگراموں میں رکاوٹیں ڈالنے سے اجتناب کریں۔