وحدت نیوز(پشاور)موجودہ حالات کسی صورت قابل قبول نہیں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا ہے حکومتی اشرافیہ نے اس وقت غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بہت ہی مشکل کر دیا ہے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبر پختون خواہ کے جنرل سیکریٹری شبیر حسین ساجدی نے میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کہا کہ الیکشن سے فرار آئین و قانون کی توہین ہے مجلس وحدت مسلمین پاکستان وطن عزیز کی آزاد خارجہ و داخلہ پالیسی اور داخلی استحکام وترقی کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے پاکستان میں سیاسی بحران کے بعد معاشی بحران انتہائی سنگین ہوچکا ہے جس پر عالمی ادارے بھی رائے دے رہے ہیں لہذا بروقت اقدام لینا انتہائی ناگزیر ہے سپریم کورٹ کا احترام ملحوظ رکھا جائے تاکہ اس ادارے پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہو ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے مقبول سیاسی رہنما کی گرفتاری کے بعد پیدا شدہ حالات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس میں حکومتی رٹ پر عملدرآمد کا نہ ہونا، مجرمانہ غفلت اور سازشی اقدامات کی طرف متوجہ ہونا چاہیے پاکستان کے عوام کی اکثریت امن عامہ کی بہتری اور معاشی ترقی کی خواہاں ہے ان اسباب کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت وقت کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔
شبیر ساجدی نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں نگران حکومت کی معیاد ختم ہوچکی ہے جس کی وجہ سے ملک میں ایک نیا بحران پیدا ہونے والا ہےلہٰذا بروقت اقدامات کیے جائیں تاکہ صاف شفاف اور قابل قبول الیکشن ہو پائیں موجودہ پی ڈی ایم حکومت کی گزشتہ چند روز کی پریس کانفرنس غیظ و غضب ، اشتعال انگیز اور عدلیہ کی توہین پر مبنی تھیں جس سے حالات سنبھلے نہیں بلکہ عوام میں اور زیادہ بے چینی اور غم وغصہ نے جنم لیا ہے،جبکہ ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات پر قائم پاکستان کو محفوظ، مضبوط اور خود مختار بنانا ہے ابھی بھی حکومت کے پاس وقت ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور آئین پر عملدرآمد کرے اور بروقت الیکشن کروائے تو شاید معاشی مسائل بھی حل ہو جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک اہم نقطہ جس کی طرف میں آپ سب کی توجہ مرکوز کروانا چاہتا ہوں وہ سانحہ پارہ چنار کے حوالے سے ہے، ابھی تک اس واقعے میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی لہذا ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ اس سانحہ کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کی مرتکب انتظامیہ کے خلاف کاروائی کی جائے اور جوڈیشل کمیشن بنا کر شفاف تحقیقات کے ذریعے سارے واقعے کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔