شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے نواب شاہ ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین غریبوں کے لئے سب سے بڑا سفر کا ذریعہ ہے، آج کل وہ بھی محفوظ نہیں رہا۔ نواب شاہ ٹرین حادثہ میں ناقص انتظامات کی نشاندہی ہو چکی ہے، لہذا قیمتی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، کوتاہی کے مرتکب افراد کو نشان عبرت بنایا جائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں ٹرین حادثہ میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو فوری طور پر معاوضہ دیا جائے اور زمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اربوں ڈالرز قرض لینے کے باوجود پاکستان کی معاشی صورتحال دن بدن زبوں حالی کا شکار ہے۔ ہر طرف مہنگائی کا راج اور دور دورہ ہے، حکومت معاشی صورتحال میں بہتری لانے کی بجائے سیاسی انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے، دن رات بے گناہ افراد کو گرفتار اور لاپتہ کیاجا رہا ہے۔ جو کہ سراسر غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات ہیں، یہ غیر جمہوری ہتھکنڈے اپنے اختیارات سے تجاوز کی بدترین مثال ہیں۔