وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع پاراچنار کے صدراور تحصیل چیئرمین مولانا مزمل حسین فصیح نے کہا ہے کہ حکومت توہین آمیز وڈیوز پر ایکشن لے، کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی دوسرے مذہب کی توہین کرے، آئین و قانون کے مطابق ہر پاکستانی شہری کو اپنے عقائد و نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کا پورا پورا حق حاصل ہے، انہوں نے خیبر پختونخوا خصوصاً پاراچنار کے عوام سے امن و امان کو قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ کچھ شرپسند عناصر ایک بار پھر پاراچنار، ہنگو اور کوہاٹ کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، کبھی نازیبا وڈیوز تو کبھی جوانوں کی چیک پوسٹوں پر حملے کر رہے ہیں۔ افغانستان سے بھی مسلسل دراندازی ہورہی ہے، لہذا حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ مٹھی بھر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سخت کارروائی عمل میں لائیں، ہم توہین آمیز وڈیوز، پیغامات اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔