پاراچنار، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام شیعہ، سنی عمائدین کا جرگہ،علاقہ میں قیام امن کیلئے ہر قسمی قربانی دینے کاعزم

16 March 2024

وحدت نیوز(پاراچنار)پاکستان کا سرحدی علاقہ کرم عرصہ دراز سے امن و امان اور فرقہ وارانہ مسائل کا شکار رہا ہے، یہاں ایسی جنگیں بھی ہوئیں، جو چار سے پانچ سال تک جاری رہیں، جن میں اب تک ہزاروں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ اس خونرزی کی وجہ سے ہی شائد یہ علاقہ اتنی ترقی نہیں کرسکا، جتنی کہ کرنا چاہیئے تھی۔ حالیہ عام انتخابات سے قبل بھی یہاں مختلف قسم کے مسائل درپیش تھے، جن کی وجہ سے نوبت اکثر لڑائیوں تک جاپہنچی اور ان تصادم میں درجنوں جانیں بھی ضائع ہوئیں۔ تاہم عام انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی انجیئیر حمید حسین کی بطور ایم این اے کامیابی اس علاقہ کیلئے اس لئے ایک نیک شگون ثابت ہوئی کہ ایک شیعہ قومی جماعت یعنی ایم ڈبلیو ایم کے نامزد شیعہ امیدوار کو اپر کرم سے تو ووٹ ملے ہی، تاہم کرم کے اہلسنت نے بھی حمید حسین کی بھرپور حمایت کی اور انہیں کامیاب کرانے میں موثر کردار ادا کیا۔

اسی ہم آہنگی اور مثبت ماحول کو برقرار رکھنے اور علاقائی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنے کیلئے مجلس وحدت مسلمین ضلع کرم کے زیراہتمام پاراچنار شیعہ، سنی عمائدین کا اہم جرگہ منعقد کیا گیا، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی دفتر میں منعقد ہونے والے اس جرگہ میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے ایک دوسرے پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی، مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر و تحصیل چیئرمین علامہ مزمل حسین فصیح، حاجی نثار علی، ناہید خواجہ، منیر خان بنگش، مدثر بنگش، محمد ارشاد، ذیشان حیدر، وقاص عثمان سمیت ضلع کرم کے معزز مشران، سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شیعہ، سنی عمائدین نے متفقہ طور پر امن کی بحالی اور بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان علاقے کے ہر فرد کی اہم ترین ہے۔

جرگہ کے دوران ماحول انتہائی خوشگوار تھا اور دونوں جانب سے علاقہ میں پائیدار امن کے قیام کے حوالے سے مفید تجاویز دی گئیں۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ امن کے بغیر ضلع کرم کی ترقی ناممکن ہے، جس کے لئے خلوص نیت کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے۔ عمائدین کا مزید کہنا تھا کہ جنگ بازی اور مذہبی دہشت گردی ضلع کرم کے لئے ہر لحاظ سے تباہی اور غربت کے علاوہ کچھ نہیں دلا سکی۔ اس طرح کی صورتحال سے معاشی اور سماجی خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، خاص طور پر محکوم قوموں اور محنت کش طبقے کے نوجوان، عورتیں اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرم کی اہلسنت برادران نے انجنئیر حمید حسین کو ووٹ دیکر یہ ثابت کیا کہ ہم امن کے خواہش مند ہیں، ان شاء اللہ نفرتوں پر مبنی فضا کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکنہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نومنتخب ایم این اے انجنئیر حمید حسین کی سربراہی میں ضلع کرم میں بلا تفریق عام لوگوں کی فلاح و بہود کے منصوبوں پر دھیان دیا جائے گا، تاکہ لوئر اور سنٹرل کرم کی عوام بھی خوشحال زندگی گزار سکیں۔ جرگہ کے آخر میں شیعہ، سنی عمائدین نے ایم ڈبلیو ایم ضلعی دفتر سے مرکزی امام بارگاہ گاہ پاراچنار تک علامتی امن واک کی اور امن کا پیغام دیا۔ علاوہ ازیں عمائدین نے نومنتخب سیکرٹری انجمن حسینیہ جلال حسین بنگش کو مبارکباد پیش کی۔ عمائدین نے اراکین انجمن حسینیہ سمیت صدر تحریک حسینی علامہ سید تجمل حسینی سے بھی ملاقات کی اور امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ ضلع کرم کو امن کا گہوارہ بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کی اس کاوش کو شیعہ، سنی عائدین نے سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ نومنتخب ایم این اے حمید حسین کیساتھ مکمل تعاون کریں گے اور علاقہ میں قیام امن کیلئے ہر قسمی قربانی دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree