وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کوہاٹ میں امام بارگاہ پر حملہ اور تیراہ بازار میں دکانوں کو نذر آتش کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیام امن کیلئے فوری طور پر شرپسند عناصر کیخلاف کارروائی کرے، جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما ء کا کہنا تھا کہ راولپنڈی سانحہ ملک دشمن عناصر کی کارروائی ہے، اگر حکومت بروقت اقدامات کرتی تو یہ آگ نہ پھیلتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں شیعہ، سنی کا کوئی جھگڑا نہیں، بیرونی طاقتوں کے پیسوں پر پلنے والے ملک دشمن عناصر اب فرقہ واریت کے ذریعے ملک کا امن تہہ و بالا کرنے کے درپے ہیں۔ تاہم پاکستان کے باشعور عوام ملک دشمن عناصر کی ان مذموم سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کوہاٹ میں امام بارگاہ سید حبیب پرحملہ اور تین افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ میں قیام امن کیلئے فوری طور پر شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرے، کوہاٹ میں شرپسند امام بارگاہ پر حملہ آور ہوئے اور تیراہ بازار میں شناخت کرکے اہل تشیع کی دکانوں کو نذر آتش کیا گیا۔ تاہم انتظامیہ، پولیس اور فورسز نے شرپسندوں کیخلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کی۔حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے شرپسندوں کو لگام نہ دی تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے۔ اور اگر امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ انہوں نے کوہاٹ اور ہنگو میں کرفیو کے نفاذ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوم عاشورہ سے لیکر اب تک حکومت کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ رہا ہے، فوری طور پر حقائق کو منظر عام پر لانے کی ضرورت تھی۔