وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات ایس اے زیدی نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں ہونیوالے خودکش حملہ کے نتیجے میں صوبائی وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور سمیت 10 افراد کے جاں بحق ہونے والے کے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی قیادت نے اگر اب بھی دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے حوالے سے اپنا نرم رویہ نہ بدلا تو ملک و قوم کو سانحہ کلاچی جیسے مزید سانحات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد آئے روز ریاستی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں جبکہ ہمارے بزدل حکمران مذاکرات کا راگ الاپ رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات انسانوں سے ہوتے ہیں، درندوں اور وحشیوں کیساتھ طاقت سے نمٹا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلاچی کا واقعہ قومی سانحہ ہے، اگر حکمران یہ کہتے ہیں کہ یہ کارروائیاں طالبان کی نہیں، تو وہ کون سی قوتیں ہیں جو ملک میں دہشتگردی کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبان کیساتھ مذاکرات کرکے انہیں سیز فائر پر راضی کرلیا جاتا ہے تو کوہاٹی چرچ دھماکوں، قصہ خوانی بازار اور اب کلاچی خودکش حملہ کرنے والوں کیساتھ کیا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ حکمران عوام کیساتھ بھونڈا مذاق بند کریں اور حقائق منظر عام پر لاتے ہوئے دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے۔