وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری تنظیم سازی علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کہا ہے کہ مثل کربلا آج بھی دنیا کو امام حق اور امام باطل میں تمیز کرنا ہو گی، حضرت مسلم بن عقیل (ع) نے حقیقت میں سفیر حسین (ع) ہونے کا حق ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہادت حضرت مسلم بن عقیل (ع) کے موقع پر پشاور کی امام بارگاہ پوری ولی میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت مسلم بن عقیل (ع) کو امام حسین (ع) نے اپنا سفیر بنا کر بھیجا، اور جس طرح حضرت مسلم بن عقیل (ع) نے اپنا فرض ادا کیا وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ (ع) نے حقیقت میں سفیر حسین (ع) ہونے کا حق ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا کے موقع پر جنہوں نے امام حق کا پہچانا وہ آج بھی زندہ و جاوید ہیں اور جنہوں نے باطل کو اپنا امام مانا وہ دنیا میں بھی ذلیل و رسوا ہوئے اور آخرت بھی ان کی تباہ ہے۔ لہذا ہمیں بھی صرف زبانی طور پر امام (ع) کی ولایت کا اقرار نہیں کرنا بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے انقلاب امام زمانہ (عج) کی راہ ہموار کرنا ہوگی۔