وحدت نیوز (پشاور) بی بی زینب (س) کے روضہ مبارک پر تکفیری دہشتگردوں کے حملہ کیخلاف پشاور میں امامیہ رابطہ کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت جامعہ شہید عارف حسین الحسینی کے خطیب علامہ عابد حسین شاکری، مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے سیکرٹری جنرل محمد شکیل، امامیہ رابطہ کونسل کے رہنماء بختیار راضی نے کی۔ اس موقع پر شرکاء احتجاج نے شام میں نواسی رسول (ص) حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس پر راکٹ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ بی بی زینب (س) کے روضہ مبارک پر حملہ کی ناپاک جسارت آل سعود اور امریکی و اسرائیلی پیسوں پر پلنے والوں کو بہت مہنگی پڑے گی۔ افسوس کا مقام ہے کہ آج امت مسلمہ کا ردعمل اس طرح سامنے نہیں آیا جس طرح کے حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر شام کے مزید حالات بگاڑنے کی کوشش کی گئی اور بی بی زینب (س) کے روضہ کی طرف دہشتگردوں نے دوبارہ اپنی گندی نظر ڈالی تو پاکستان سے شام زیادہ دور نہیں ہے۔