وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ اور جے یو پی کے مرکزی صدر صاحبزادہ ابولخیر محمد زبیر کو "عالمی اتحاد امت کانفرنس" کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی ایجنٹ امت مسلمہ کو شیعہ سنی، دیوبندی بریلوی اور اہلحدیث کے نام پر باہم دست و گریباں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل ملک بھر میں اتحاد بین المسلمین کیلئے قابل قدر جدوجہد کر رہی ہے۔ حال ہی میں اسلام آباد میں "عالمی اتحاد امت کانفرنس" قابل تحسین اقدام ہے۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابولخیر محمد زبیر نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے ملک کی دینی جماعتیں مسلم امہ کے اتحاد و وحدت کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہیں۔ ملک کے تمام صوبوں میں یکجہتی کونسل تشکیل پا چکی ہے۔ بلوچستان میں دینی جماعتوں کی مشاورت سے جلد ہی ملی یکجہتی کونسل کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔