وحدت نیوز(ڈیرہ اللہ یار)مجلس علمائے شیعہ پاکستان کی جانب سے ضلع جعفر آباد کا اہم اجلاس مجلس علماء شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر مولانا ذوالفقارعلی سعیدی کی صدارت میں دوپاسی ہاؤس ڈیرہ اللہ یار میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلع جعفرآباد کے علماء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی اور مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں اکثریت رائے سےمولانا سید مختیار حسین شاہ نقوی کو مجلس علماء شیعہ ضلع جعفرآباد کا صدر منتخب کیا گیا۔
انہوں نے اپنی کابینہ میں مولانا محمد سچل جسکانی کو نائب صدر، مولانا محمد علی جمالی کو جنرل سیکرٹری اور مولانا علی حسن ویسر کو سیکرٹری تبلیغات نامزد کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے عظمت شہداء کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء محفل انسانی کی شمع ہیں۔ جنہوں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر محفل انسانی کو منور کیا۔ شہداء اور ان کے ورثاء کی قربانی کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کالعدم تنظیموں، تکفیری گروہوں اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کرکے ملک میں دیرپا امن قائم کیا جا سکتا ہے۔