وحدت نیوز(گلگت ) بزرگ عالم دین شیخ محمد بلال سمائری کی بلاجواز گرفتاری قابل مذمت ہے۔حکومت کراچی سے گلگت بلتستان تک مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کو قید وبند کے ذریعے مظلوموں کے لئے اٹھائے جانے والی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش میں لگی ہوئی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمدالیاس صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت سیاسی مخالفین سے انتقام کی سیاست پر گامزن ہے ،اگر یہی روش ترک نہ کی گئی تو انہیں سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔پولیس فورس میں بھرتیوں کے حوالے سے حکومت کھلم کھلا بددیانتی عوام کے سامنے آچکی ہے اور حکومتی وزراء پر وومن ٹریفکنگ کے سنگین الزامات لگائے جارہے جن پر سے توجہ ہٹانے کیلئے حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو سال قبل بدنیتی پر مبنی ایف آئی آر کو بنیاد بناکر بزرگ عالم دین شیخ محمد بلال سمائری کی گرفتاری نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ انتہائی شرمناک عمل ہے ۔حکومت یہ جان لے کہ اس قسم کے قید و بند کے ذریعے سے ظالم مخالف احتجاج کو روکنا اس کے بس کا روگ نہیں، جہاں ظلم ہوگا وہاں بلا خوف و خطر مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت ہمارے منشور کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مجبور کررہی ہے کہ ہم حکومت ہٹائو تحریک چلائیں اور یاد رکھیں کہ جس دن مجلس وحدت مسلمین نے روڈ پر آنے کا فیصلہ کیا تو حفیظ حکومت کا وہی حال ہوگا جو بلوچستان میں رئیسانی حکومت کا ہوا تھا۔