وحدت نیوز(شگر)ضلع شگر کے مختلف مقامات پر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔مرکزی امام بارگاہ مرہ پی شگر میں پاسدار سکواٹس کے زیر اہتمام احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع شگر شیخ اشرف حسین قمی نے کہا کہ نام نہاد مسلمان حکمرانوں نے رسول کی بیٹی اور اہل بیت رسول ص کے روضہ انوار کو آج سے 99 سال پہلے منہدم کر کے شرمناک فعل کا ارتکاب کیا۔آل رسولؐ کے مقدس قبروں کو منہدم کر کےکروڑوں محب اہل بیت کی دل آزاری کی گئی۔
ادھر چھورکاہ جامع مسجد میں سرباز امام زمانہ تنظیم کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کلمہ گومسلمانوں نے اجر رسالت کا صلہ آل رسول کو خوب دیا،اہل بیت رسول کی عزت و توقیر اور فضیلت کو دبایا گیا،ان کے مقدس روضے کو بھی گرا کر یزیدی تسلسل کو دہرایا گیا۔
جلسے میں ایک مذمتی قراداد منظور کی گئی جسمیں سعودی حکومت سے مطالبہ کیا گیا فورا روضہ اہل بیت رسول کو تعمیر کرنے کی اجازت دی جائے اور مقدس مقامات کی زیارت کے لئےجنت البقیع کے مقام کو کھولا جائے۔