وحدت نیوز(سکردو) وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے کہا ہے کہ سابق وی سی بلتستان یونیورسٹی کو بلتستان کے امن کو تباہ کرنے کیلئے لانچ کیا گیا ہے۔ میڈیا کے نمائندہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت محمد کاظم میثم نے کہا ہے کہ بلتستان ریجن میں جس طرح کی من مانیوں کے ذریعے یہاں کے امن و تعلیم کو تباہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ وی سی کی مدت پوری ہونے کے باوجود ایک طرف انکو غیرقانونی طور پر نوازا جا رہا ہے تو دوسری طرف غیرقانونی بھرتیوں کا میلہ لگا ہوا ہے۔ بلتستان کے عوام اور یوتھ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ نئے وی سی کی تعیناتی سے قبل انکو فیسلیٹیٹ کرنے والے سہولتکار اصل میں قوم کے مجرم ہیں۔ بلتستان کے علماء، دانشور، یوتھ اور عوام کی جانب سے تحفظات اور شدید خدشات کے باوجود انکو بلانے والے یہاں گھناونا کھیل کھیلنا چاہ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو واضح پیغام دیا ہے کہ بلتستان یونیورسٹی کو تختہ مشق بننے نہیں دیں گے۔ مختلف حساسیت چھیڑ کر عوام اور اداروں کو بلیک میل کرنے کا دور ختم ہو چکا ہے۔ بعض شرپسند عناصر عوامی جائز تحفظات کو کم رنگ کرنے کے لیے لوکل نان لوکل یا فرقہ واریت کا سہارا لے کر مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ مخدوش صورتحال کے باوجود بار بار نئی نئی چال چلا کر بلتستان ریجن کی اکلوتی یونیورسٹی کو اے ٹیم بنانے اور اپنے عزیز و اقارب کو نوکریوں پر لگانے کیلئے یونیورسٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کی کوشش کرنے والے ہی اصل مجرم ہیں۔ انکا ہر صورت میں محاسبہ ہوگا۔