وحدت نیوز(سکردو) وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے کہا ہے کہ ہم اپنی بساط کے مطابق علاقے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، مسائل بہت زیادہ ہیں ان کے حل کیلئے کافی وقت درکار ہے، تنقید کرنے اور تعریف کرنے والے ہمارے اپنے بھائی ہیں، یہ کوئی غیر نہیں، سب کی باتوں کا احترام ہے، خدا گواہ ہے کہ سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جا رہا ہے. حلقہ بہت بڑا ہے،م بہت زیادہ ہیں، کہیں کوئی کمی و بیشی رہ جاتی ہے تو ہم اپنے حلقے کے غیور عوام سے پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔ وفاق میں حکومت کی تبدیلی مسائل کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی ہے۔ یہ سب کو معلوم ہے مگر بعض لوگ اس حقیقت کو تسلیم کرنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں۔ سکردو میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شروع دن سے ہم یہ کہتے آئے ہیں کہ ہم فرشتے نہیں انسان ہیں۔ غلطی انسان سے ہوتی ہے میرے حلقے کے عوام سمجھتے ہیں کہ ہماری پالیسیاں عوام دوست نہیں ہیں تو وہ بروقت ان کی نشاندہی کریں۔ دوست وہ ہیں جو ہماری غلطیوں کی نشاندہی ہمارے سامنے آکر کریں اور بہتری کیلئے مشورے بھی دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تدریس کے شعبے کو چھوڑ کر سیاست میں آنے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ میں کوئی مال بناوں یا جائیدادیں بناوں۔ اللہ کا دیا ہوا سب کچھ ہے، اللہ مجھے اپنے عوام کی بلاتفریق خدمت کا موقع دے۔ ہاں ہم یہ کہتے ہیں کہ سب کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ ہم مسائل سے غافل ہیں، ہم اپنی کیپسٹی کے تحت دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ کچھ علاقوں کے مسائل آج حل ہو رہے ہیں کچھ کے کل حل ہونگے۔ حلقے میں تعلیم، صحت، مواصلات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں کئی بڑے منصوبوں کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں، کچھ منصوبوں کے ٹینڈرز طلب کر لئے گئے ہیں، کچھ منصوبوں پر کام شروع ہوچکے ہیں، کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ہم عوام کے مفاد میں کام کر رہے ہیں، ذاتی نوعیت کے کاموں کو کم اجتماعی کاموں کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔
وفاق میں حکومت کی تبدیلی مسائل کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی، وزیر زراعت جی بی کاظم میثم