وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین کےصوبائی رہنمااوروزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے کہا ہے کہ کواردو کے عوام میرے بھائی ہیں، میں ان سے الگ نہیں ہوں، ان کے دکھ درد کو نہ صرف محسوس کرتا ہوں بلکہ ان کی مشکلات دور کرنے کیلئے شروع دن سے سرگرداں ہوں، گندم آٹا بجلی اور دیگر ایشوز کے حل کیلئے وزیراعلی اور دیگر حکام سے بات کریں گے، کچھ مسائل صوبائی سطح کے ہیں، کچھ مسائل کا تعلق وفاق سے ہے، صوبائی حکومت سے متعلقہ مسائل ہم حل کریں گے، جن مسائل کا تعلق وفاق سے ہے وہ وفاقی حکومت حل کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمائدین و معززین کواردو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خود کوہمیشہ احتساب کیلئے عوام کے سامنے پیش کریں گے۔ عوام ہمارا احتساب کر سکتے ہیں، خدا گواہ ہے کہ ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر کبھی کام نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ میرے بہت سارے سپورٹرز مجھ سے ناراض ہیں۔ مجھے احساس ہے کہ انفرادی کام مجھ سے بہت کم ہوئے ہیں مگر میں نے اپنی بساطِ سے بڑھ کر اجتماعی کاموں پر توجہ دی ہے، بہت سارے پراجیکٹس پر کام شروع ہو چکے ہیں۔ کچھ منصوبوں پر کام ہونے والے ہیں۔ ترقیاتی منصوبے میرٹ اور ضروریات کی بنیاد پر تقسیم کئے گئے ہیں۔