وحدت نیوز(سکردو) عالمی یوم صحافت کے موقع پر ممبر گلگت بلتستان کونسل و صوبائی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین شیخ احمد علی نوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم صحافت کے موقع پر ان صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کسی بھی دباؤ کے بغیر حق اور سچ عوام کو پہنچا رہے ہیں۔مجلس وحدت مسلمین آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کو سنوارنے اور مثبت سوچ کی تشکیل میں آزاد میڈیا کا کردار ناقابل فراموش ہے۔معاشرے میں لوگوں کو اجتماعی شعور دینے میں میڈیا اور صحافیوں کا کردار مسلمہ ہے۔موجودہ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری آزادی صحافت پر قدغن آمرانہ سوچ کی عکاسی ہے۔صحافت پر دباؤ کے حربے اور ہتھکنڈے حکومتی ناکامی کے مترادف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد جہاں آزادی اظہار رائے کی اہمیت کواجاگر کرنا ہے وہاں ان صحافیوں کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کرنا یے جنہوں نے آزادی اظہار رائے کے حق کے لئے جہدو جہد اور حق و سچ کی بالا دستی کے لیے کوششیں کیں۔