وحدت نیوز(سکردو) متحدہ اپوزیشن جی بی اسمبلی ممبران کی قائد حزب اختلاف ومجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر کاظم میثم کی سربراہی میں آل پارٹیز کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر غلام حسین اطہر اور دیگر رہنماوں کے ساتھ اہم بیٹھک ہوئی۔ اس موقع پراپوزیشن ممبران جاوید منوا، وزیر سلیم، راجہ زکریا، ایوب وزیری و دیگر موجود تھے، آل پارٹیز کوآرڈینیشن کمیٹی نے اپوزیشن ممبران کو گلگت بلتستان اسمبلی میں گندم ایشو پر سخت موقف اپنانے پر سراہا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپوزیشن ممبران نے گندم سبسڈی کے حوالے سے جاری تحریک کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ صوبائی حکومت اپنے عوام پر دباؤ ڈالنے کی بجائے وفاق پر دباؤ ڈالتی تو یہ مسئلہ اب تک حل ہو چکا ہوتا۔ عوامی حقوق کے لیے چلنے والی تحریکوں کو مختلف تقسیمات کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی کوشش ہوگی جسے یہاں کے عوام کسی صورت کامیاب ہونے نہیں یونے دینگے۔
متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ حکومتی اراکین اب بھی گندم ایشیو پر یکجا نہیں ہیں۔ حکومتی پارٹی کے کچھ افراد اضافے پر بضد ہیں جبکہ چند رہنما اسکی مخالفت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے وزیراعلی کو چار ارب روپے گندم کی مد گرانٹ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن یہ حکومت اسے بھی فالو کرنے کو تیار نہیں۔ حکومت اپنے حصے کی ذمہ داری تک ادا کرنے کو تیار نہیں۔ آل پارٹیز کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ نے اپوزیشن ممبران کو یقین دلایا کہ عوامی حقوق کے لیے میدان میں نکلے ہیں اور اسے حل کرکے دم لیں گے۔