وحدت نیوز(لاہور)اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) گلگت بلتستان کاظم میثم نے لاہور میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا ملک میں کردار سب سے اہم ہے، نوجوانان ہی قوم کا سب سے بڑا سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنیوالے وقتوں کی جہت کا تعین نوجوانان ہی کر سکتے ہیں۔ ملک کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، باہدف جدوجہد ہی معاشرتی ترقی کا سبب بن سکتا ہے۔ کاظم میثم کا کہنا تھا کہ ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے، عدل و انصاف کی بالادستی، آئین و قانون کی حکمرانی کے مجلس وحدت مسلمین کا کردار انتہائی قابل فخر رہا ہے۔
اپنے خطاب میں کاظم میثیم نے مزید کہا کہ مجلس وحدت نے اسی خط کو اپنایا ہے جو قائد شہید نے مرتب کیا تھا۔ اس ملک کو امریکہ کی چنگل سے نکالنے کا کام کوئی چھوٹا اور آسان کام نہیں، عالمی فسطائی نظام سے ٹکرانا ہمارے شہداء کے آرزو و ارمان تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو طبقہ مقامی طور پر ہونیوالے مظالم کے مدمقابل نہیں کھڑا ہو سکتا وہ عالمی قیام عدل کی تحریک کا کبھی حصہ نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں قیام عدل ہمارا اصل ہدف اور عقیدے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے بھی انہیں خطوط پر کام کیا اور نوجوانوں کو بیداری دی، یہی وجہ ہے کہ آج شیعہ جوان ملک کے طول و ارض میں اپنی خدمات سے وطن عزیز کی خدمت میں مصروف ہیں۔