وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اور قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے تربت میں نیول ائیر بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں دہشتگردی کی لہر سکیورٹی اداروں کا امتحان ہے، سی پیک کے آغاز و اختتام پر تسلسل کے ساتھ واقعات پیش آرہے ہیں۔ چائینز انجینئرز پر حملہ پاک چین دوستی سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، پاکستان کو سفارتی، سیاسی اور معاشی طور پر تنہا کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں کبھی امریکیوں پر دہشتگردی کا حملہ نہ ہونا بہت معنی خیز ہے۔
اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے دروازہ پر اور شاہراہ قراقرم پر تسلسل کے ساتھ واقعات کسی بڑے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی سکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔ اس سے قبل داسو ڈیم میں چائنیز پر حملے کے ذمہ داروں کا تعین اور سزا نہیں ہوسکی تھی، گلگت بلتستان میں بھی دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو کبھی سزا نہیں دی گئی، ہر دہشتگردی کے بعد مذمت اور دہشتگردوں کی کمر توڑنے کے بیانات کے ساتھ نئے سانحے کا انتظار کیا جاتا ہے۔
پورے ملک میں دہشتگردی کی لہر سکیورٹی اداروں کا امتحان ہے، سی پیک کے آغاز و اختتام پر تسلسل کے ساتھ واقعات پیش آرہے ہیں، کاظم میثم