وحدت نیوز(گلگت)عوام نے معاہدہ یکسر مسترد کیا ہے۔ کمپنی سے معاہدہ کالعدم قرار دیا جائے۔ حکومت عوام سے کمیٹی کمیٹی کھیل رہی ہے۔ جس کمیٹی میں گرین کمپنی کے نمائندے بھی شامل ہوں اس کی حیثیت اور مشکوک ہو گئی ہے۔ عوام ان سے بات چیت کیوں کریں۔ ان خیالات اظہارحاجی غلام عباس ترجمان ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اب کمیٹیوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عوام نے معاہدہ ہی مسترد کیا ہے تو کمیٹی کون تسلیم کرے گا۔ حکومت وقت اور وسائل ضائع کرنے کے بجائے معاہدہ منسوخ کرئے اور مقامی کمپنیوں کو شراکت داری کا موقع فراہم کرے۔ عوام اپنے قدرتی وسائل اور زمینوں کا ہر صورت دفاع کریں گے، حکومتی اراکین اسمبلی کمپنی کا دفاع کرنے کے بجائے عوامی مفادات کے ساتھ کھڑے ہوں۔