وحدت نیوز(مظفرآباد) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر علامہ سیدتصور حسین جوادی نے برادر سید رضی عباس سبزواری کو المجلس ڈیزاسٹر مینیجمینٹ سیل آزاد جموں کشمیر کا چیئرمین نامزد کر دیا۔سید رضی عباس سبزواری نے علامہ جوادی ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ریاستی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمیں کرونا وائرس سے بچاو ٔکے لیے عوام الناس میں حفاظتی اقدامات بارے آگہی مہم کو مزید تیز کرنا ہوگا ،نیز مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر ڈاکٹرز نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کرونا وائرس کے خلاف اپنی جان پر کھیل کر جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
علاوہ ازیں چوکوں،چوراہوں،پُلوں اور گلی کوچوں میں مامور پولیس،افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران کو بھی سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔اس موقع پر سید رضی عباس سبزواری نے ذمہ داری سونپنے پر علامہ جوادی کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بہتر اندازمیں متاثرین کرونا اور اس کے بعد پیش آنے والی آفات ارضی و سماوی کے دوران المجلس ذیزاسٹر مینجمنٹ سیل آزادکشمیر کے پلیٹ فارم سے بہترین خدمات سرانجام دیں گے۔