وحدت نیوز(مظفرآباد)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرکے غریبوں کی کمر توڑ دی ہے، لگتا ہے حکومت نے غربت کی جگہ غریب کے خاتمے کا تہیہ کرلیا ہے، آئی ایم ایف کے دباو میں آکر بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ہوشربا اضافہ عوام کی کمر توڑنے کے لیے کافی ہے، جو لوگ مہنگائی کے خلاف مارچ کرتے تھے اب وہ خود مہنگائی کر رہے ہیں اور مزے سے کہہ رہے ہیں کہ ہماری مجبوری ہے، حالات ایسے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سابق صدر اور ممبر علماء مشائخ کونسل آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک کو بچانے آئے تھے وہ ملک کو لوٹ رہے ہیں، انہوں نے ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا ہے ایک ذمہ دار وزیر کا بیان انتہائی تشویشناک ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ کرپشن سے ملک ترقی کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایمپورٹڈ حکومت ہے اور یہ امریکہ کی غلام ہے، اگر امریکہ کی غلام نہ ہوتی تو آئی ایم ایف اور اپنے غیر ملکی آقاؤں کے کہنے پہ ملک میں اس قدر مہنگائی نہ کرتی کہ غریب عوام کا جینا مشکل ہو جائے۔