وحدت نیوز(قم)تکفیری بِل کو نہیں مانتے، ہم فرزندانِ قائداعظم ہیں، تکفیری سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ہم قائداعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کے محافظ ہیں۔ ہمارے ہوتے ہوئے اس ملک کو تکفیری ملک نہیں بنایا جا سکتا۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین شعبہ امور خارجہ کا ایک اہم اجلاس ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی زیرِ صدارت قم المقدس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں علمائے کرام نے نام نہاد ناموسِ صحابہ بِل کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ یہ بِل صریحاً دینِ اسلام اور آئینِ پاکستان کے خلاف ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کھل کر اس بات کا اظہار کیا کہ فرزندانِ پاکستان ہونے کے ناطے ہم اس غیر دینی تکفیری بِل کو نہیں مانتے۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے خارجہ سیکرٹری حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہم فرزندانِ قائداعظم ہیں اور کانگرسی لیڈروں کی اولاد نیز تکفیری سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ہم قائداعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کے محافظ ہیں۔ ہمارے ہوتے ہوئے اس ملک کو گانگرسی لیڈروں کی تمنّا کے مطابق نہ تو توڑا جا سکتا ہے اور نہ ہی تکفیری ملک بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ہماری دینی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو ادا کرنے کیلئے ہماری جان و مال سب کچھ حاضر ہے۔