وحدت نیوز(قم) ورکشاپ کا مقصد مختلف تنظیمی شعبہ جات کے مسئولین کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافہ تھا۔ اس مقصد کیلئے ماہر اور جیّد اساتذہ کرام کی خدمات حاصل کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدتِ مسلمین کے شعبہ امورِخارجہ کے زیرِ اہتمام قم المقدس میں مختلف تنظیمی شعبہ جات کے مسئولین کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافے کیلئے موسسہ باقرالعلوم میں ایک چھ روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں مجلس وحدت مسلمین قم المقدس، مشہد اور اصفہان کے سربراہان اور تنظیمی شعبہ جات کے مسئولین نے شرکت کی۔ تربیتی کلاسز کا دورانیہ صبح سات بجے سے نمازِ مغرب تک تھا۔ درمیان میں کھانے اور نماز کے بعد مختصر استراحت کا وقفہ بھی کیا جاتا رہا۔ ورکشاپ میں پاکستان شناسی، ذرائع ابلاغ، جدید اسلامی تمدن کی تشکیل، استعمار کی چالوں اور ثقافتی مدیریت کے حوالے سے کلاسیں منعقد ہوئیں۔
ورکشاپ کے آخری روز اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس سے مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ امورِ خارجہ کے سیکرٹری حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مختلف تنظیمی و تربیتی نکات پر روشنی ڈالی اور مسئولین کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ ورکشاپ کے شرکاء نے تربیتی ورکشاپ کی افادیت کو سراہا اور اپنے معزز میزبان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں ورکشاپ کے منتظمین اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے مسئولین کو تعریفی اسناد بھی عطا کی گئیں۔