وحدت نیوز(قم) شہداء دین خدا کی سربلندی اور تبلیغ کے عملی مبلغ ہیں۔ اپنی مجالس و محافل میں ہمیں شہداء کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم قم کی جانب سے گذشتہ روز موسسہ باقرالعلوم کے کانفرنس ہال میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور قبلہ سید ثاقب اکبر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔ نشست سے گفتگو کے دوران ایم ڈبلیو ایم قم کے صدر حجۃالاسلام مولانا سید شیدا حسین جعفری نے کہا کہ ہمیں شہداء کی خصوصیات کو جاننے کی کوشش کرنی چاہیئے، تاکہ ہم بھی ان خصوصیات کو اپنا سکیں اور ساتھ ہی شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کیلئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی غوروفکر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی ایک خاص اور نمایاں صفت ان کا خلوص اور انا کا خاتمہ تھا۔ ان کے مطابق سید ثاقب اکبر مرحوم بھی شہید ڈاکٹر نقوی کی مانند ایک عظیم انسان تھے اور انہوں نے بھی علمی، قلمی اور ثقافتی حوالے سے دین اسلام کی بے مثال خدمت کی ہے۔ نشست سے دیگر حاضرین نے بھی گفتگو کی اور سوال و جواب کا سلسلہ بھی چلا۔ یاد رہے کہ نشست سے خصوصی خطاب مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے کیا۔