وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین قم کے زیر اہتمام “یوم القدس ایک تحریک ایک جائزہ” کے عنوان سے رکھی گئی۔ نشست سے متعدد شخصیات نے خطاب کیا۔ نشست سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین امور خارجہ کے سیکرٹری علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ کیمپ ڈیوڈ معاہدے کے بعد مسئلہ فلسطین ختم ہو چکا تھا لیکن انقلاب اسلامی کے بعد امام خمینی کے یوم قدس کے اعلان نے مسئلہ فلسطین کو ایک نئی طاقت زندگی بخشی، شہید فتحی شقاقی کی جہاد اسلامی، حماس اور حزب اللہ جیسی یہ ساری مقاومتی تنظیمیں یوم القدس کی پیداوار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عرب ریاستوں کے اسرائیل کے ہاتھوں بد ترین شکست کے بعد کہا جاتا تھا کہ اسرائیل ایک ناقابل شکست ریاست ہے لیکن حزب اللہ نے اس کے اس غرور کو خاک میں ملا دیا ہے اور اب طوفان الاقصیٰ کے بعد اسرائیل ایک بند گلی میں پہنچ گیا ہے، اس وقت اسرائیل اپنے وجود و بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے، اس بات کا اعتراف خود اسرائیلی عہدیدار بھی اپنے بیانات میں کر چکے ہیں، آج ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی استطاعت کے مطابق چاہیے قلم کے ذریعے، چاہے زبان کے ذریعے یا چاہے سوشل میڈیا کے ذریعے مظلوم فلسطینوں کی آواز بنیں، یہ ہمارا ایمانی و اخلاقی فریضہ ہے۔