وحدت نیوز(تھرپارکر) حیدرآباد سے 300 کلومیٹر کی مسافت پر واقع تھر کے گاؤں گوٹھ آدم رند جو کہ انڈیا کے بارڈر سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، وہاں گزشتہ روز مرکزی رابطہ جنرل سیکرٹری محترمہ سیمی نقوی، مرکزی مسئول معاون تنظیم سازی غزالہ جعفری اور مسؤل تعلیم و تربیت ضلع حیدرآباد کنول بتول نے تنظیم سازی کے ہدف کے تحت دورہ کیا ۔
تینوں خواتین نے باری باری وہاں پر موجود خواتین کے سامنے اپنے آنے کے ہدف کو بیان کرتے ہوئے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور ان خواتین کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ ہم خواتین معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، کبھی اپنے آپ کو کمتر نہیں سمجھیے، عورت کے بغیر معاشرے کی ترقی ناممکن ہے، ہمارا ہدف مل جل کر ایک ایمانی معاشرے کا قیام ہے، ہمیں چاہیے کہ خدا کی راہ جوکہ انبیاء کرام علیہم السّلام اور آئمہ معصومین علیہم السّلام نے تعلیم فرمائی ہے اس کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں اور پھر استقامت کے ساتھ اس راہ پر گامزن ہوجائیں کہ یہی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم زمانے کے امام عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خوشنودی کو حاصل کرسکتے ہیں۔
محترمہ سیمی نقوی نے تمام موجود خواتین کو ان کی ذمہ داریاں سمجھائیں اور پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی اور ان سب کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ پورے خلوص کے ساتھ جب آپ اپنے اردگرد کو سنوارنے کی کوشش کریں گی تو ان شاءاللہ آپ خود اپنی زندگیوں میں بہترین تبدیلیاں دیکھیں گی۔