وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے افغانستان کے شہر کابل میں شیعہ ہزارہ کے تعلیمی مرکز سید الشھدا سکول پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ان کا کہنا تھا کہ اب تک سید الشھداء سکول میں شہید ہونے والی طالبات کی تعداد بہتر سے زائد ہوچکی ہے جبکہ 150 زخمی ہیں ظلم و بربریت کے اس واقعے نے سانحہ اے پی ایس پشاور کی یاد دلادی دشمن معصوم بچوں کا قتل عام کر کے باشعور قوم کی تشکیل کو روکنے کی سازش کر رہا ہے ایسے اندوہناک واقعات کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا طلبا و طالبات کسی بھی ملک و قوم کا سنہرا مستقبل ہوتے ہیں دہشتگردوں نے ماہ مقدس رمضان میں معصوم جانوں کی خون سے ہولی کھیل کر دراصل افغانستان کے مستقبل کو نشانہ بنایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا خطے میں عرصہ دراز سے جاری انسانیت سوز مظالم کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ خطے کی طاقتیں دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دہشتگرد عناصر اور ان کے پشت پناہوں کا قلع قمع کرنا لازم ہے ان کا کہنا تھا افغانستان حکومت کو ملکی سالمیت کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے ہونگے۔