وحدت نیوز(لاہور)خاتون جنت ، دختر رسول گرامی ، ام الحسنین ، زوجہ علی مرتضی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کی ذات اقدس ہر حوالے سے ایک کامل خاتون ہیں عورت ایک عظیم بیٹی، قابل رشک بیوی اور قابل فخر ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء علیہ السلام کی صورت میں نظر آئی جس کے لئے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی نشست مبارک سے کھڑے ہوکر استقبال کیا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا بی بی دو عالم س حجاب و عفت اور حيا كا مكمل نمونہ تهيں، آپ تمام دينی و سياسی و اجتماعی ميدانوں ميں حجاب كامل كے ساتھ حاضر ہوئيں، آپ نے اپنے حجاب كے ذريعے معاشرے كو يہ پيغام ديا كہ حجاب كی وجہ سے عورت محدود اور مقيد نہيں ہوتی اسلام اور حق و حقیقت كے دفاع کے لئے عورت بہترين انداز ميں اپنا رول ادا كر سكتی ہے۔
انہوں نے کہا یہ بات ہمارے لیے باعث سعادت اور دنیا و آخرت میں سرخرو ہونے کا باعث بنے اگر ہم ایسی با عظمت اور عصمت و طہارت کے اعلی ترین درجے پر فائز خاتون کی روشن سیرت اور مجاہدانہ کردار کو اپنی زندگی کا اسلوب اور اسوہ بنا لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عورت کو جو شرف عزت اور بلند ترین مقام دین اسلام نے عطا کیا وہ جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے طفیل حاصل ہے اسی لیے بیس جمادی الثانی کو سرکاری طور پر یوم خواتین و یوم مادر کے عنوان سے منانا چاہیئے تاکہ خواتین نہ صرف اپنی بلکہ اپنی نسلوں کی تربیت جناب زہرا سلام اللہ علیھا کی تعلیمات اور سیرت کے مطابق کر سکیں۔