وحدت نیوز(لاہور) شہادت باب الحوائج امام موسی کاظم علیہ سلام کے موقع پر سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امام موسی کاظم علیہ سلام نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد بھی دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ امام ہفتم راتوں کو سحر تک بیدار رہتے اور آپ کی شب زندہ داری ہمیشہ استغفار، طویل سجدوں، بہتے آنسووں، کثرتِ مناجات اور دورانِ عبادت مسلسل گریہ و زاری کے ساتھ ہوا کرتی آپ کی مقبولیت سے خائف ہو کر ظالم و جابر حکومت نے طویل عرصہ کیلئے سخت ترین قید و بند میں ڈالا اور بالاخر قید میں ہی زہر دے کر شہید کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ ؑ نے بھی تمام آئمہ معصومین کی طرح اپنی امامت کے ٣٥ برسوں کے دوران دین اسلام کے احیاء اور الہٰی اقدار کے فروغ کے لئے ہر قسم کی مشکلات اور پریشانیوں کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور راہِ اسلام میں صبر و استقامت کو عملی جامہ پہنایا۔