وحدت نیوز(لاہور)عید قربان کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین وومن ونگ کی مرکزی کونسل کی رکن اور ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے تمام امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ عیدقربان ایسا دن ہے جو آگاہ انسانوں کو حضرت ابراہیمؑ کی قربانگاہ کے اُس واقعہ کی یاد دلاتا ہے جس میں رہتی دنیا تک آنے والے ہر خدا پرست انسان کیلئے عظیم درس اور پیغامات پوشیدہ ہیں جنہیں قربانی کی سنت ادا کرنے والے ہر مسلمان کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا قربانی کا فلسفہ یہی ہے کہ اپنی خواہشات اور اعمال کو پروردگار کی مرضی کے تابع بنایا جاے اپنی پسندیدہ چیز کو خدا کی راہ میں قربان کرنا اور اس کی قربت کو حاصل کرنا اس عید کا بنیادی ترین مقصد ہے، انہوں نے مزید کہا موجودہ حالات میں مہنگائی کی وجہ سے عام انسان کے لیے دائرہ حیات تنگ ہوتا جا رہا ہے ایسے میں صاحب استطاعت اور مخیر حضرات کو عید کے موقع پر پہلے سے ذیادہ غرباء و سفید پوش خانوادوں کی بڑھ چڑھ کر امداد کرنی چاہیے یہی خدمت اور نیکی کا عمل خوشنودی پروردگار کا باعث ہے۔