وحدت نیوز(اسلام آباد) قائد شہید سید عارف حسین الحسینی کی 34ویں برسی میں راولپنڈی /اسلام آباد میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی بڑی تعداد میں خواتین شرکت کریں گی۔امام وقت حضرت مہدی برحق کانفرنس میں مردوں کے شانہ بشانہ خواتین کی بڑی تعداد امام وقت سے تجدید عہد کریں گے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی رہنما محترمہ سائرہ ابراہیم نے کہا کہ شہدا ء قوم وملت کا سرمایہ ہیں اور ہم اپنے شہدا ءکا ذکر ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔شہید حسینی جنہوں نے امام خمینی کے راستے پر چلتے ہوئے ملک عزیز پاکستان سے استعماری سازشوں کا مقابلہ کیا اور ملت تشیع کو عالمی استکبار کے مقابلے میں کھڑا کیا۔آج پاکستان میں امریکہ کے خلاف پاکستان میں جو امریکہ کے خلاف جو نفرت سر چڑھ کر بول رہی ہے اس کا بیج شہید حسینی نے بویا تھا۔شہید حسینی اسلام کا سچا اور حقیقی عاشق تھا اور نہایت قلیل مدت میں اتحاد بین المسلین کے فروغ کیلئے کارہائے نمایاں انجام دیں۔آج ان کے سچے عاشق اور حقیقی پیروکار انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد ووحدت کے پرچم تلے استعمار کو شکست دینے کیلئے پوری طاقت سے میدان میں حاضر ہیں۔
محترمہ سائرہ ابراہیم نے کہا کہ ملک آج امریکہ کے غلاموں کے حوالہ کیا گیا ہے جو کہ اس ملک کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔اس حکومت کی پہلی سہ ماہی میں مہنگائی کا وہ طوفان آیا کہ غریب اور متوسط طبقے کی چیخیں نکل چکی ہیں۔انہوں نے عوام بالخصوص خواتین سے پرزور اپیل کی کہ مہدی برحق کانفرنس میں شرکت کرکے استعماری سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
محترمہ سائرہ ابراہیم نے راولپنڈی /اسلام آباد میں مقیم گلگت بلتستان کے سینکڑوں فیملیز کو دعوت نامے جاری کئے ہیں اور ان شا ءاللہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی خواتین بڑی تعداد میں کانفرنس میں شرکت کریں گی۔