وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین بلتستان کی جانب سے مختلف علاقوں میں ایام فاطمیہ کی مجالس کا انعقاد ۔گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال ایام فاطمیہ پورے بلتستان میں انتہائی عقیدت کے ساتھ منایا گیا ۔امام بارگاہوں سمیت مخصوص مقامات اور گھروں میں مجالس کا انعقاد کیا گیا۔
اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین بلتستان نے مجالس کے انعقاد کے سلسلے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا تنظیم سے منسلک خواہران نے مختلف مقامات پر خطابات کیے بلتستان کے تمام اضلاع میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی جانب سے مجالس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ مجالس میں بھر پور طریقے سے شرکت کو یقینی بنایا گیا۔
ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین بلتستان کی صدر خواہر کبری بتول کی ہدایت پر روندو ،شگر،کھرمنگ،گنگچھے اور سکردو کے مختلف مقامات میں پنچ روزہ اور سہ روزہ مجالس کا، انعقاد کیا گیا معلمات نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی نجی زندگی اور اجتماعی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور دختر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی زندگی کو دور جدید میں خواتین کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی بی دو عالم ؑ کی حیات طیبہ تمام شعبہ ہائے زندگی سےتعلق رکھنے والی خواتین کے لیے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر حقیقی کامیابی کا حصول ممکن ہے۔