وحدت نیوز(مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے تجوید القرآن کے دروس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواہران کو حرم امام رضا علیہ سلام کی جانب سے مزید 15 روزہ کورس کے لیے مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سیدہ معصومہ نقوی کی سربراہی میں مشھد لے جایا گیا ۔
مشھد مقدس میں آستان قدس رضوی حرم امام رضا علیہ السلام کے تعاون سے مشھد مقدس میں روضہ امام رضا علیہ السلام کے جوار میں منعقد کی گئی تعلیمی ورکشاپ کے پہلے دن کے خواھران کے لئے تدبر در قرآن کی کلاس میں سورہ کوثر کی تفسیر کی گئی ، مھدویت کی کلاس میں دعای عھد میں موجود منتظرین کی آٹھ صفات پر روشنی ڈالی گئی ، اسی طرح تجوید القرآن کی کلاس میں حروف کی صفات ، حروف حلقی و حروف خیشوم کی پہچان کروائی گئی ۔
پہلے سیشن کے اختتام پر خواہران کو امام رضا علیہ السلام کے روضہ کی زیارت کے لئے بھرپور فرصت فراہم کی گئی۔ تعلیمی سیشن کے دوسرے دور کے آغاز میں مولانا سید حسن مھدی کاظمی نے عقائد کی کلاس لی اور آخر میں مرکزی صدر ایم ڈبلیوایم وومن ونگ محترمہ معصومہ نقوی نے منتظرین امام ( زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف ) کی ذمہ داریاں بیان کیں اور مصائب اہل بیت علیہم السلام سے اس بابرکت دن کے تعلیمی شیڈول اختتام کیا گیا۔