وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے پشاور دھماکے کی مذمت اور شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک پاکستان میں دہائیوں سے دہشتگردی کے واقعات میں معصوم عوام اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہی ہے ایک طرف دہشتگرد بزدلانہ کاروائیوں سے اس ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں تو دوسری جانب ہمارے حکمران ہمیشہ سے خواب غفلت میں پڑے رہنے کے باعث ملک کو ترقی و خوشحالی کے بجائے تنزلی و بحرانوں میں غرق کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا پاکستان کے موجودہ حالات میں ملک دشمن عناصر سوچی سمجھی سازش کے تحت اسے نقصان پہنچا رہے ہیں ملک اس وقت اندرونی و بیرونی دشمنوں میں گھرا ہوا ہے ایسے میں مقتدر حلقوں اور قانون کے رکھوالوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و عوام کی فکر کرنی چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا عوام کو ملک کے خلاف ہونے والی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنانا ہے ہمیں دہشتگردی اور ہر تکفیری سوچ کے خلاف اتحاد قائم کرتے ہوئے ملک میں انارکی پھیلانے والوں اور عوام میں اختلافات کے بیج بونے والوں کی بیخ کنی کرنی ہے۔