وحدت نیوز(لاہور) ولادت با سعادت سید الشہدا امام حسین علیہ السلام و حضرت عباس علمدار علیہ سلام کے موقع پر سینیئر رہنما مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ تین شعبان اس عظیم ہستی کی ولادت کا دن ہے جس نے دین اسلام کو زندگی و دوام عطا کی سید و سردار شہداء امام حسین علیہ سلام تمام حریت پسندوں کے رہبر و رہنما ہیں چاہے وہ دین اسلام کے پیروکار ہوں یا کسی اور مذہب کے ماننے والے ہوں امام عالی مقام ایسی آفاقی ہستی ہیں جو ہر مذہب و مسلک میں بلند مقام و حیثیت کے حامل ہیں ذاتِ امام حسینؑ ایسی چھاؤنی ہیں، جس میں تمام اہلِ حق جمع ہو سکتے ہیں ۔
حضرت غازی عباس علیہ سلام کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حضرت عباس علیہ السلام ۴ شعبان کو پیدا ہوئے اور اس وقت تک آنکھ نہیں کھولی جب تک ان کے بھائی امام حسین علیہ السلام نے انھیں اپنے ہاتھوں میں نہیں لیا۔ بچپن ہی سے انھیں امام حسین علیہ السلام کے ساتھ بہت محبت تھی سلام ہو قمر بنی ہاشم علمدار کربلاء کی بہادری، صبر و وفا اور استقامت پر جو اپنے امام کے ایسے مطیع اور وفادار تھے جن پر دین اسلام ہمیشہ ناز کرتا رہے گا۔
انہوں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ سلام کے الہیٰ، آفاقی اور مجاہدانہ کردار کو مشعل راہ بناتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل حل کرے، ظالم و جابر قوتوں کے خلاف ڈٹ جائے اور ان پر واضح کر دے کہ ہم حسینی ہیں، جو ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار تو بن سکتے ہیں، لیکن اپنے نظریات اور اصولوں سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔