وحدت نیوز(لاہور) فلسطین وہ مبارک سرزمین ہے جس کی جانب رخ فرما کر رسول اکرم (ص) نے اپنے اصحاب و انصار کے ہمراہ نمازیں ادا کی ہیں، یہ وہ سرزمین ہے جہاں سے نبی کریم (ص) نے سفر معراج انجام دیا، فلسطین کی آزادی تک مسلمانوں کو اسلام ناب حاصل نہیں ہوگا اگر عالم اسلام امن و امان کا خواہش مند ہے تو انہیں فوراً فلسطین کی آزادی کے لئے صف بستہ ہونا ہوگا ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی نے یوم القدس کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا ۔
ان کا کہنا تھا سامراجی طاقتوں کی طرف سے مظلوم فلسطینی عوام پر سالہا سال سے ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت کے خلاف امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ (جمعة الوداع) کو یوم القدس کا نام دے کر بین الاقوامی سطح پر ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف احتجاج کی بنیاد رکھی، جو کئی سالوں سے انتہائی شان وشوکت سے عالم اسلام کے غیور و وبیدار مسلمان مناتے آرہے ہیں۔ یوم القدس ہمیں ظلم و ستم کے سامنے جھکنے کی بجاے صبر و استقامت کے ساتھ مقاومت کا درس دیتا ہے اور یہ نہ صرف فلسطینی عوام کیلیے بلکہ دنیا کے تمام ظالموں و ستمکاروں کے خلاف ڈٹ جانے، ان سے مقابلے کرنے اور مسلمانوں کے اندر ایک نئے شوق و جذبہ پیدا کرنے کا دن ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا وہ دن دور نہیں جب بحکم خدا ظالمین کی رسی کھینچ لی جاے گی اور ان کے گرد گھیرا تنگ ہوجاے گا اور ان شاء اللہ امریکہ و اسرائیل کے ناپاک وجود سے سرزمین مقدس فلسطین آزاد ہوجاے گی انہوں نے اپیل کی کہ تمام مرد و خواتین اپنا شرعی فریضہ سمجھتے ہوئے یوم القدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔