وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین وومن ونگ کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے کوئٹہ کے تنظیمی دورے کے دوران ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ علمدار روڈ کوئٹہ کی جانب سے منعقدہ تحفظ عزاداری کی نشست میں شریک ذاکرات سے ملاقات کی۔ سیدہ معصومہ نقوی نے کہا کہ ماہ محرم الحرام و صفر میں مجالس عزا کے ذریعے الہی معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کیا جائے ۔امام حسین علیہ السلام کے کربلا میں قیام اور قربانیوں کا اصل مقصد بیان کرنا ہر عالمہ اور ذاکرہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
سید الشہدا علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے امر بالمعروف و نہی از منکر کو معاشرے میں عام کرنا ، دور حاضر کی یزیدیت سے اظہار بیزاری اور مظلومین کی حمایت کا شعور سامعین میں اجاگر کرنا ، حماسہ فلسطین کے بارے میں آگاہی دینا اور امام زمان علیہ السلام کے ظہور کے لیے مجمع کو آمادہ کرنا یہ ایسے عنوانات ہیں جن پر بات کرنا اور لوگوں کے اذہان کو اس طرف متوجہ کرنا نہایت ضروری ہے ان کا مزید کہنا تھا مجالس امام حسین علیہ السلام کے توسل سے اہل بیت اطہار علیھم السلام کی حیات طیبہ کے مختلف پہلووں کو بیان کر کے معاشرے کی اخلاقی و نظریاتی تربیت کرنا تمام اہل منبر کی ذمہ داری ہے۔