وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے اربعین شہدائے کربلا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اربعین حسینی امت مسلمہ کی یکجہتی اور قوت کا مظہر اور اسلامی دنیا میں بیداری کا ذریعہ ہے ۔ امام حسین علیہ السلام کے عشق میں کروڑوں زائرین کربلا کا رخ کرتے ہیں اس عظیم الشان حسینی تحریک کا مشاہدہ کر کے دنیا انگشت بدندان ہے انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی سربراہی میں شروع ہونے والی حسینی تحریک کا ایک اہم پہلو بیداری اور احیاء پر مبنی تھا، اربعین حسینی استعمار و استکبار کے خلاف مبارزے اور دنیا بھر کے مظلومین کی امید کا نام ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اربعین حسینی کا تذکرہ انسانیت کے اصولوں کی پاسداری اور حق کے لئے کھڑا ہونے کی تاریخی مثال فراہم کرتا ہے اور تمام عزادارنِ امام حسین علیہ السلام کی ذمہ داری ہے کہ اربعین حسینی کی اس فقید المثال تحریک کو بیداری اور با مقصد انداز میں فروغ دیں ۔