وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع راولپنڈی کے شعبہ فلاح و بہبود کی ضلعی کونسل کا ایک اہم اجلاس مولانا سید علی اکبر کاظمی ضلعی سیکریٹری جنرل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ضلعی سیکریٹری فلاح و بہبود محمد کاظم بلتی اور دیگر ممبران کونسل نے شعبے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور کام کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کیں اور اہم فیصلہ جات کئے۔
بعد ازاں کرونا وائرس کے شہداء کیلئے بنائی جانے والی "غسل و کفن ٹیم" نے بھی اپنی ورکنگ شیئر کی۔ ٹیم کے سربراہ شیخ حسن ممتاز نے بتایا کہ اس وقت تک راولپنڈی اور اسلام آباد میں پچاس سے زائد مومنین و مومنات کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ غسل و کفن دیا جا چکا ہے اور بعض اوقات ایک ہی روز میں تین مرحومین کو بھی غسل و کفن دیا ہے جس کی وجہ سے بہت مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ یہ کام رضاکارانہ ہو رہا ہے ٹیم میں شامل افراد مختلف پرائیویٹ/سرکاری اداروں میں ملازمت بھی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان برادران کی ہر وقت دستیابی کا امکان نہیں ہوتا لیکن اگر ہر علاقے کے اہل درد یہ فریضہ سر انجام دیں تو کام تقسیم ہونے کی وجہ سے آسان ہو جائے گا۔
اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے ٹیم کے سربراہ شیخ حسن ممتاز نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ملت کے جوان اور علماء کرام، مشکل کی اس گھڑی میں قدم آگے بڑھائیں اور غسل و کفن دینے کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں اس فریضہ کو سر انجام دیں اور اس کام کی ٹریننگ کیلئے رابطہ کریں،خواتین کی ٹریننگ کیلئے خواتین ٹرینرز موجود ہیں۔