وحدت نیوز (جیکب آباد) سانحہ شب عاشور کے زخمیوں اور وارثان شہداء نے مرکزی امام بارگاہ سے مقتل شہداء تک شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی ، و اراکین شہداء کمیٹی کے ہمراہ احتجاجی جلوس نکالا اور کوئٹہ روڈ کے مقام پر قومی شاہراہ پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر وارثان شہداء اور زخمیوں کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندہ حکومت نے اپنے وعدے پورے نہیں کئے، اس لئے آج سانحہ کے متاثرین سراپا احتجاج ہیں۔ سانحہ کے متاثرین نے حکومتی تقریب کا بائیکاٹ کرکے بتا دیا کہ وہ حکومت پر عدم اعتماد کرتے ہیں، آج شہداء کمیٹی کے زیر اہتمام جیکب آباد میں دھرنے کے مقام پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی۔ اور دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہے گا۔