وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) حزب اللہ لبنان کے ایک سینئر رہنما نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت اس خیال باطل کے تحت کہ چونکہ حزب اللہ، شام کے بحران میں مصروف ہے، لبنان پر دوبارہ حملہ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ اسلامی جمہوری ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز نے ’’ الخبر لبنان ‘‘ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ کی مجلس عامہ کے نائب سربراہ شیخ نبیل قاووق نے خبردار کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے لبنان پر حملے کرنے کے لئے دو روز قبل فوجی مشقیں مکمل کرلی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ چونکہ حزب اللہ شام میں مشغول ہے، اسی وجہ سے وہ کسی مناسب وقت کی تلاش میں ہے، تاکہ لبنان پر دوبارہ حملہ کرکے اسے نابود اور اپنی ماضی کی پے در پے شکستوں کا بدلہ لے سکے۔
شیخ نبیل قاووق نے تاکید کے ساتھ کہا کہ لبنان کے داخلی اور شام میں جاری بحران کے باوجود حزب اللہ اسرائیل کو بڑی شکست اور لبنان کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہر لمحے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنان کی اس بڑی کامیابی اور اسرائیل کی اس شرمناک شکست سے پورے خطے کی سیاست میں اہم تبدیلیاں واقع ہونگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کا بحران ہمیں اپنے اصلی فرض جو کہ صیہونی حکومت کی جارحیت کا مقابلہ ہے، سے ہرگز نہیں روکے گا۔ شیخ نبیل قاووق نے کہا ہے کہ شام کے بحران کے باوجود حزب اللہ، صیہونی حکومت کو ایک بار پھر زبردست شکست کا مزہ چکھانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
حزب اللہ کے رہنما نے عبرا کے علاقے میں برپا ہونے والے فتنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ایسی تبدیلی ایک بم کی مانند تھی، دشمن چاہتے تھے کہ اس بم سے پورے لبنان کو نابود کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فتنے کے لئے جمع کئے جانے والے ہتھیاروں کا ذخیرہ اور ملکی اور غیر ملکی دہشتگردوں کی تیاری سے تو ایسا ہی لگ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عبرا میں انتھا پسند وہابی عناصر کی بدامنی سے وہ تمام حلقے رسوا ہوگئے جو لبنان میں پیسے اور ہتھیاروں سے بدامنی اور فتنہ پھیلانا چاہتے تھے۔ البتہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کے فتنے کے لبنان کے تمام علاقوں میں رونما ہونے کے امکانات ہیں، اس لئے تمام لبنانیوں کو پوری طرح ہوشیار رہنا چاہیئے، انہوں نے لبنان کی فوج کی طرف سے لبنان اور تمام لبنانیوں کی حمایت پر اس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ المستقبل نامی سیاسی پارٹی اپنی تاسیس سے ہی عوام کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرکے حزب اللہ کو نقصان پہنچانے اور بیرونی طاقتوں کے مفادات کے پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے۔