وحدت نیوز(کراچی) پاکستان کے سب بڑے شہر کراچی کے علاقے منگھوپیر میں سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کے دوران علامہ دیدار جلبانی کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان اے این پی کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان 2013ء میں چہلم امام حسین (ع) کے جلوس اور اورنگی ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکوں میں بھی ملوث ہیں۔ واضح رہے کہ اس قبل بھی شیعیان حیدر کرار (ع) کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو پولیس اور رینجرز گرفتار کرتی رہی ہے، لیکن تفتیشی افسران کی جانب سے کیس کو کمزور بنانے کے سبب یہ ملزمان عدالت سے باآسانی رہا ہوجاتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان ملزمان کے کیسز کو مضبوط بنایا جائے تاکہ شہداء کے ورثاء ان کے عزیزوں کے خون کا حساب پیش کیا جاسکے۔
دیگر ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی نے منگھو پیر میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، خودکش جیکٹ، بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق سی آئی ڈی نے منگھوپیر کے علاقے میں کارروائی کرکے لشکر جھگنوی سے تعلق رکھنے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران علامہ دیدار جلبانی کے قتل سمیت ایم اے جناح روڈ، اورنگی ٹاؤن میں امام بارگاہوں پر بم حملوں اور 14 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے خود کش جیکٹ، 100 کلو بارودی مواد، دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا۔