وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ امور سیاسیات کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ''یمن پر سعودی جارحیت، ضرب عضب اور پاکستان کا کردار"" کے موضوع پرمنعقدہ سیمینار سےخطاب کرتے ہوئےپیر خواجہ عنصر فرید چشتی، رہنما جمیعت علمائے پاکستان (سواد اعظم) کا کہنا ہے کہ سنی شیعہ ہمیشہ سے اکٹھے تھے اور اکٹھے رہیں گے۔ ہم مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں۔ رہنما جے یو پی نے بتایا کہ دو تین ماہ قبل ہمیں ایم ڈبلیو ایم نے اتحادکی دعوت دی تھی، جس بارے غور و خوض اور مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم ایم ڈبلیو ایم کاہر محاذپر ساتھ دیں گے۔ آج تک سنی کی صحیح پہچان نہیں کروائی گئی۔ ہم بریلوی سنی ہیں، ہمارا تعلق اولیاء کی خانقاہوں سے ہے۔ ہمارے بزرگ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری نے لاکھوں لوگوں کو مشرف بہ اسلام کیا۔ اولیاء اللہ کو ماننے والوں کا دعویٰ ہے کہ ہم سے زیادہ اہل بیت کے ساتھ کوئی محبت نہیں کرسکتا۔ ہمارا تشیع کے ساتھ کبھی کوئی مسئلہ نہیں بنا، ہم ہمیشہ سے اکٹھے تھے۔ اس ملک کو ہمارے بزرگوں نے ہی بنایا اور اس کو سنواریں گے۔