مغربی حکومتیں اسرائیلی مظالم میں شریک جرم، القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی، القدس کانفرنس لاہور

11 اپریل 2023

وحدت نیوز(لاہور)عالمی یوم القدس کی مناسبت سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے زیر اہتمام القدس کانفرنس بعنوان ''فلسطین کا دفاع پاکستان کا دفاع ہے''کا انعقاد لاہور کے مقامی ہوٹل میں منگل کے روز مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ کانفرنس سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری،جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ،  مجلس وحدت المسلمین کے وائس چیئر مین علامہ احمد اقبال رضوی،  احمد سلمان بلوچ، علامہ اکبر کاظمی اور فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطین میں ناجائز تسلط کے طور پر قائم کرنے والی مغربی حکومتیں امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت یورپی ممالک اسرائیلی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ایشیائی اور افریقی ممالک میں جدید نوآبادیاتی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے فلسطین کے مقام پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو زبردستی قائم گیا۔تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ اسلام امن و سلامتی کا درس دیتا ہے۔ ہم دنیا کو بتا رہے ہیں کہ ہم یہود مخالف نہیں بلکہ اسرائیل کو غاصب اور ناجائز تصور کرتے ہیں۔ مسئلہ فلسطین کا پر امن حل فلسطینیوں کی فلسطین واپسی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اسرائیلی مظالم پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے، غلامی سے نکلیں اور اسرائیل کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں، قائد اعظم محمد علی جناح کی پالیسی ہی ہماری پالیسی ہے، ہم اس سے انحراف نہیں کرسکتے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اسرائیل کی فلسطین پر حالیہ جارحیت پر بھرپور مذمت کرنی چاہیے۔ رمضان المبارک میں ہر سال کی طرح امسال بھی اسرائیل کے فلسطین، بیت المقدس کے تقدس کی پامالی پر حملے ان کی شکست اور بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں ۔جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ اسرائیل سے تعلقات اور مراسم قائم کرنے کا مطلب اپنے نظریے کی قربانی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۲۳ رمضان کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے گا عوام بھرپور شرکت کریں۔

کانفرنس سے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے دینی و ملی فریضے پر عمل کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے خلاف آواز بلند کریں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئر مین علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے۔ ہم کانفرنس میں پیس کردہ قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ ہم فلسطین کاز کے ساتھ ہیں ۔ کانفرنس میں فلسطینی طلبا کی بڑی تعداد میں عبدالرحمان سمیت معروف صحافیوں سمیت سوشل میڈیا کارکنان شہباز گیلانی ، تصور شہزاد، ارسلان عزیز، عابد میر، علی رضا، چمن لال، توقیر کھرل، محمد ثقلین، حنین زیدی، سارہ حبیب، حسن نظامی، مریم علی، خولہ رضوی، عبد اللہ منصور اور دیگر موجود تھے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree