وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت و استحکام ہمیں ہر شے پر مقدم ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔کوئی بھی محب وطن جماعت پُر تشدد سیاست کی کبھی حمایت نہیں کر سکتی۔اپنے حقوق کے حصول کے لیے پُرامن احتجاج کی شکل میں آئینی جدوجہد ہی بہترین راستہ ہے۔نااہل حکمرانوں کی  غیر دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث وطن عزیز کوعدم استحکام،احساس محرومی، لاقانونیت،نا انصافی اور ریاستی  اداروں کے جبر جیسے لاتعداد مسائل نے جھکڑ رکھا ہے۔وطن عزیز کسی ایسے اقدام کا متحمل نہیں ہے جس سے انارکی اور انتشار کو تقویت ملے۔ملک دشمن عناصر ہمیں داخلی سازشوں کا شکار کر کے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔  ان عناصر کو شکست دینے کے لیے ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو دانشمندی اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔وطن عزیز کی سالمیت و بقا کے دشمن حکومتی صفوں میں بھی موجود ہیں۔یہ عناصر ملک و قوم کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ جب تک ان کا محاسبہ نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اس وطن کو کسی مخصوص فکر یا مسلک کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔ پاکستان میں بسنے والے ہر شخص کو بلاتخصیص مذہب و مسلک یہاں برابری کے حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ہمارے مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے باوجود تساہل برتا جا رہا ہے۔اس بدعہدی کے خلاف 2ستمبر کو مجلس وحدت مسلمین نے لاہور وزیر اعلیٰ ہاوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔اس دھرنے میں کارکنوں کی بھرپور شمولیت ہو گی اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان دھرنے میں ہی کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہمارے دل کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں،  جدوجہد کے ہر مرحلے پر مظلومین کشمیر کے ساتھ ہیں۔ بھارت کشمیر کے عوام پر مظالم کا سلسلہ بند کرتے ہوئے کشمیر میں استصواب رائے کا اہتمام کرے۔ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کسی دبائو کے بغیر کشمیری عوام کو کرنے دیا جائے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ضرور رنگ لائے گی اور کشمیر ایک دن آزاد ہوگا۔عالم اسلام کے نااہل حکمرانوں نے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی رائے کو بے وقعت بنا دیا ہے ورنہ مسلمانوں کا خون اتنا سستا نہ ہوتا۔
               
انہوں نے کہا کہ نواز حکومت ملت جعفریہ پر مظالم کا سلسلہ روکے، ملک گیر احتجاج نے ثابت کردیا کہ مجلس وحدت مسلمین عوام کی نمائندہ جماعت ہے جو مہذب جمہوری رویوں کی حامل ہے۔ قائد وحدت کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات پر فی الفور عمل در آمد ضروری ہے۔ زائرین کے ساتھ حکومت کا رویہ ناقابل برداشت ہے، آل سعوداور امریکہ کو خوش کرنے کے لئے زائرین کے خلاف نت نئے اقدامات پر پوری قوم میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
               
انہوں نے کہا کہ سندہ حکومت صوبے میں موجود دھشت گردی کے مراکز اور ٹریننگ کیمپس کے خلاف آپریشن کلین اپ کا آغاز کرے۔وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ ، سندہ گورنمنٹ اور وارثان شہداء کے درمیان موجود معاہدے پر عمل در آمد کرائیں۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز مسلک صوفیہ نوربخشیہ کے روحانی پیشوا بوا ابراہیم فقیر اور احباب کے ہمراہ المناک حادثے میں وفات پر پورے مسلک کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ حادثے کا شمار بلتستان کی تاریخ کے المناک حادثوں میں ہوتا ہے جس میں قیمتی جانیں چلی گئیں، جس پر جتنا دکھ اور افسوس کیا جائے کم ہے۔ آغا علی رضوی نےمسلک صوفیہ نوربخشیہ کے بزر گ رہنمائوں سے ملاقات میں  کہا کہ مسلک صوفیہ یقینا انکے عظیم روحانی پیشوا کی المناک وفات پر حالت سوگ میں ہے دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین اور انکے معتقدین اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں اس دکھ میں تمام مسالک برابر کے شریک ہیں۔ انکے تمام عقیدت مندوں کو صبر کی تلقین کرتے ہیں ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ انکی وفات سے ایک ایسا خلا پید ا ہوگیا ہے جسے پر کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا مانگی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ 2 ستمبر کو لاہور میںوزیر اعلیٰ ہاوس کے سامنے تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دھرنے یا احتجاج کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں اور نہ ہی ہم حکومت کے خلاف احتجاج میں کسی دوسری جماعت کے اتحادی ہیں۔ہمارا یہ احتجاج حکومتی جبر، بدعنوانی اور لاقانونیت کے خلاف ہے۔ ہمارے مطالبات پر  دھرنے کی مجوزہ تاریخ سے قبل عمل درآمد نہ کیا گیا تو مختلف جماعتوں سے اشتراک سمیت دیگر آپشنز پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہامیری طرف سے 86 روز بعد بھوک ہڑتال کا خاتمہ حکومت کی طرف سے مطالبات کے تسلیم کیے جانے کے وعدے پر ہوا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد ہمارے مطالبات پر عمل کرائیں بصورت دیگر حکومت میں ان کی  حیثیت کونہ صرف کمزور سمجھا جائے گا بلکہ ہمارا اعتماد بھی وفاقی حکومت پر سے ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔گزشتہ روز لاہور میں شیعہ وکیل ناصر علی ترابی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔جب تک ان مذموم عناصر کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ نہیں ہوتا تب تک ملک میں امن و امان کا قیام ممکن نہیں۔ہمارے دس نکاتی مطالبات محض ملت تشیع کے دفاع کے لیے نہیں بلکہ ملک میں امن کے قیام کے لیے ایک مدلل دستاویز ہے۔ ہمارے مطالبات کی راہ میں وہ عناصر رکاوٹ ہیں جو ملک کے حالات دانستہ طور پر خراب رکھنا چاہتے ہیں۔حکمرانوں کو اپنے گرد وپیش پر بھی نظر رکھیں۔انہوں نے کہا 2 ستمبر کو کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اگر حکومت نے دھرنے کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی تو تمام تر حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہو گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے  اے آر وائی نیوز چینل پر حملے اور ملک دشمن نعرے لگائے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ذمہ دار  سیاسی و مذہبی  جماعت کی طرف سے اس طرح کے  غیر جمہوری طرز عمل کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ ارض پاک ہماری شناخت اور ہمارے اسلامی تشخص کا نگہبان ہے۔پاکستان کے خلاف نعرے ملک دشمن طاقتوں کی تقویت کا باعث ہیں۔سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کو کسی شر انگیزی کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے کہا پاکستانی میڈیااپنے فرائض کی ادائیگی پوری دیانتداری کے ساتھ کر رہا ہے۔ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مطالبات منوانے کے لیے آئینی و قانونی راستے کا استعمال کریں۔میڈیا کے معاملات میں بے جا مداخلت نامناسب اور صحافیوں کی پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ ہے۔کوئی  بھی محب وطن جماعت کسی بھی ایسے  اقدام کی قطعاََ حمایت نہیں کرتی جو پاکستان کی نظریاتی سرحدوں سے متصادم ہو۔انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لیے پُرامن جدوجہد مجلس وحدت مسلمین کی بنیادی پالیسی کا حصہ ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) بدعنوانی اور کرپشن نے ملک کو مسائل میں مبتلاء کر دیا ہے، اگر اس وقت ہم چاروں طرف سے مشکلات اور مسائل میں مبتلاء ہیں تو اسکی ایک اہم وجہ بدعنوانی کے بازار کا گرم ہونا ہے۔ اگر وطن کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں بدعنوانی نامی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہوگا ۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹریٹ سے جاری شدہ بیان میں سیکریٹری جنرل عباس علی نے ملک کی وجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ہر آزمائش میں صبر سے کام لینا ہوگا۔ پاکستان اس وقت چاروں طرف سے مشکلات میں گھرا ہوا ہے ہمیں ایک ملت بن کر ان مشکلات سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی نے ہمارے معاشرے کو کھوکھلا کر دیا ہے، جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک میں ترقی کی نشانیاں نظر نہیں آئیں گی۔ ظلم کی انتہا یوں ہو گئی ہے کہ بدعنوانی اور کرپشن کو بعض افراد اپنا آئینی حق سمجھنے لگے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان سے اگر کرپشن، بد عنوانی کے کلچر کو ختم کرنا ہے تو ہمیں مل کر اسکے خلاف کام کرنا ہوگا ہمارے معاشرے میں ہر طرح کے مسائل موجود ہیں، یہ سوچ کر دکھ ہوتا ہے کہ کیسی کیسی محرومیوں کو ہم قبول کر لیتے ہیں اور کیسی کیسی باتوں پر پورا ملک ،پورا معاشرہ غیظ و غضب کا شکار ہو جاتا ہے جس کیلئے سنجیدہ طرز عمل ضروری ہے ۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ حکومت کو ان افراد کا پتہ لگانا ہوگا جو قوم کی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں اور وہ لوگ جو دوسروں کے حقوق چھیننے میں اپنا پورا کردار ادا کرتے آرہے ہیں انہیں انکے کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree