وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ وکیل شاہد شیرازی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا گیا۔ اس حوالے سے شہر قائد کی مختلف جامع مساجد خوجہ مسجد کھارادر، نور ایمان، دربار حسینی، اسٹیل ٹاؤن میں جمعہ اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہروں سے ایم ڈبلیو ایم، شیعہ ایکشن کمیٹی سمیت آئی ایس او کے رہنماؤں علامہ باقر زیدی، علامہ مرزا یوسف، مولانا غلام محمد فاضلی، علامہ نشان حیدر، علامہ علی انور جعفری، علامہ اظہر نقوی، میثم عابدی، احسن عباس، زین رضا، رضی حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی شیعہ نسل کشی کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ ملت تشیع کی قتل گاہ بن چکی ہے، مختلف شعبوں میں موجود ہمارے ماہرین کو چن چن کر نشانہ بنا یا جا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف عمران خان کے وعدے محض سیاسی طفل تسلیاں ثابت ہوئیں، خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلی صوبے میں امن و امان کے قیام سمیت تمام انتظامی معاملات میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان وکیل کی دن دیہاڑے ٹارگٹ کلنگ سمیت صوبے میں دہشت گردی کے دیگر واقعات قومی سلامتی کے اداروں کی بے بسی کو ظاہر کر رہے ہیں، عید کے دن ہمارے نوجوان کو شہید کرکے پوری قوم کو اضطراب میں مبتلا کر دیا گیا ہے، عمران خان کو ملک کے دیگر صوبوں میں بدامنی دکھائی دیتی ہے لیکن اپنے صوبے میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے قوم کے معماروں کے گھروں میں تعزیت کے لیے جانے کا وقت نہیں ملتا، ہمارے قاتلوں کی مکمل سرپرستی اور ہماری نسل کشی کی جاری ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کے نام پر عوام کو بیوقوف بنارہی ہیں جبکہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے مراکز کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرنے کے نتائج ملت تشیع بھگت رہی ہے، شہر میں سفاک دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں اور جنگل کا قانون ہے جس پر وفاقی حکومت، عدلیہ، سکیورٹی ادارے صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلی کو برطرف کیا جائے، ایمرجنسی نافذ کرکے ڈیرہ اسماعیل خان میں پیشہ ور قاتلوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے، جس علاقہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ ہو وہاں کے ایس ایچ او اور ڈی پی او کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے، ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید شاہد شیرازی ایڈووکیٹ سمیت دیگر پروفیشنلز کے قتل عام میں ملوث دہشتگردوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے کسی بھی حصہ میں شیعہ کلنگ کا دوبارہ واقعہ رونما ہوا تو پھر وزیر اعلی کی برطرفی ہمارا یک نکاتی مطالبہ ہوگا جس کے لیے بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی خان کی انتظامیہ کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ایک متنازعہ مدرسہ کے لیے بجٹ میں تیس کروڑ روپے مختص کرنے پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومتیں دہشت گرد ساز اداروں کی مالی معاونت کرنا شروع کر دیں تو پھر امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی کوششیں عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دانستہ طور پر زائل کیا جا رہا ہے جو ضرب عضب کے مطلوبہ نتائج کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کے قتل کے خلاف نواں شہر چوک (ملتان) پر تین گھنٹوں کا علامتی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، یافث نوید ہاشمی اور آئی ایس او کے ڈویژنل صدر قاسم ہاشمی نے کی۔ دھرنے کے شرکاء نے نماز مغربین باجماعت چوک نواں شہر میں اداء کی۔ دھرنے کے شرکاء سے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر قاسم ہاشمی، سابق مرکزی صدر یافث نوید ہاشمی، محمد عباس صدیقی اور علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کیا۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت طالبان اور قاتلوں کی ہمدرد اور خیرخواہ ہیں، پاکستان کے سکیورٹی ادارے اور ایجنسیاں جس مدرسے کو طالبان کی نرسریاں کہہ چکی ہیں، اُسے کروڑوں کا فنڈ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ اس حکومت کا اور طالبان کا ایک ہی ایجنڈا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ اگر قائد وحدت کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 17 جولائی کو ملک بھر میں خواتین احتجاج کریں گی اور 22 جولائی کو ملک بھر کو 8 گھنٹوں کے لئے جام کر دیا جائے گا۔

وحدت نیوز(لاہور) ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنک کیخلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک گیر احتجاجی مظاہرے ہوئے، چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بعد ازنماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم لاہور علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ ڈی آئی خان میں ایڈووکیٹ سید شاہد شیرازی کی شہادت میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری تحریک انصاف کی حکومت پر قرض ہے، عمران خان کی کے پی کے ٹیم عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت دہشتگردوں کو بھتہ دینے پر مجبور ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جاری مکتب تشیع دشمن پالیسیوں کیخلاف انشااللہ ہم 22 جولائی سے سڑکوں پر نکلیں گے اور اس احتجاجی تحریک کے سلسلے کو مزید آگے لے کر جائینگے۔ مظاہرین ہاتھوں میں دہشتگردی کیخلاف پلے کارڈ اٹھائے حکمرانوں کی نااہلی کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرے میں علامہ ناصر مہدی، نجم الحسن، سید حسنین زیدی، سید حسین زیدی، افسر حسین خاں، نوید ترمذی، حسن رضا سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی اور خطاب کیے۔

وحدت نیوز (لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع لاڑکانہ کی طرف سے ڈی آئی خان میں عید کے دن شھید ھونے والے شھید شاھد عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا محمدعلی شر کی زیر قیادت مرکزی امام بارگاہ جعفریہ سے بعد نماز جمعہ پریس کلب تک ریلی نکالی گئی،جس میں ضلعی عہدیداران ممتاز علی کھیڑو، مشتاق علی میمن، اعجاز علی سولنگی، جاوید فاضل حسینی سمیت دیگر مومنین نے شرکت کی،اس ریلی سے مولانا محمدعلی شر اور مولانا سید شاہد عباس شمسی نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز(کراچی) ڈیرہ اسماعیل خان میں عید الفطر کے روز تکفیر ی دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے ایڈوکیٹ شاہد شیرازی کی کے قتل کے خلاف ایم ڈبلیوایم ضلع ملیرکے تحت  احتجاجی ریلی مرکزی مسجد جعفرطیار سوسائٹی سے غازی چوک تک نکالی گئی، ریلی میں مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ اس ماتمی احتجاجی ریلی سے خطاب مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقر زید ی نے کیا ، انہوں نے شاہد شیرازی ایڈوکیٹ کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت میں صبر کرنا اوراور ظلم کےسامنے ڈٹ جانا ہم نے کربلا والوں سے سیکھا ہے لہذا ہم ہمیشہ ظلم کی مخالف اور مظلوم کی حمایت کرتے رہیں گےیہی درس کربلا ہے، ریلی کے آخر میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے اعزازی ڈپٹی سیکریٹری جنر ل علامہ غلام محمد فاضلی نے دعا کروائی۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں وکیل شاہد شیرازی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک گیر احتجاج کیا گیا اور عید کے دوسرے روز جمعرات کی شب خراسان سے نمائش چورنگی احتجاجی مظاہرہ اور علامتی دھرنا دیا گیا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں بشمول علامہ احمد اقبال رضوی، میثم عابدی، علامہ مبشر حسن اور رضا نقوی سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے ڈی آئی خان میں ہونے والے شیعہ پروفیشنل کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور خیبر پختونخوا سمیت وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ علامتی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ہمیں تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، ہمارے ہونہاروں کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے، ایک ماہ میں اب تک پانچ شیعہ پروفیشنلز کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، جن میں تین وکلاء، دو اساتذہ اور ایک تاجر شامل ہیں، دہشت گردی کے ان واقعات میں شہید ہونے والوں سے قومی نقصان ہوا، مگر صوبائی حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree