وحدت نیوز (بلتستان ) بدنام زمانہ تنظیم یو ایس ایڈ اور آغا خان فاونڈیشن کے تعاون سے امریکہ کے پاکستان میں سفیر رچرڈ جی اولسن کا بلتستان کا دورہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر بلتستان کے دو دوزہ دورہ (20 تا 22 اگست) کیلئے 20 اگست کو اسکردو پہنچ رہا ہے۔ اپنے اس دورہ بلتستان میں رچرڈ اولسن یو ایس ایڈ کے زیراہتمام جاری منصوبوں کے جائزہ کے علاوہ بلتستان کی اہم سیاسی اور بااثر شخصیات سے بھی ملاقات کرے گا۔
واضح رہے کہ چین کے بارڈر سے متصل شیعہ اکثریتی علاقہ ہو نے کے ناطے امریکہ گلگت بلتستان کے علاقے میں اپنے نفوز کو بڑھانے کے لئے کافی عرصے سے کوشاں ہے ، امریکی سفیر کا دورہ بھی اسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے ،ذرائع کے مطابق امریکی سفیر کی بلتستان آمد کے موقع پر اس کے استقبال کے لیے سرکاری افسران کو بھی انتظامیہ کی طرف سے مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس سلسلے میں ایک مقامی ہوٹل میں امریکی سفیر کے اعزاز میں ایک عظیم الشان عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کے علاوہ دیگر سرکاری عہدیداران شرکت کریں گے۔ اگرچہ بلتستان میں امریکی سفیر کی آمد کو نہایت خفیہ رکھا گیا ہے لیکن اس کے باوجود امریکہ مخالف تنظیموں نے بلتستان کے در و دیوار کو یو ایس ایڈ اور امریکہ کے خلاف وال چاکنگ سے بھر دیا ہے اور 20 اگست کو شدید تر ردعمل سامنے آنے کا امکان بھی ہے۔